23 اکتوبر ، 2014
مردان...... اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ وہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے اختیارات مرکز سے صوبے میں لے آئے تھے لیکن آج خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ بے بس اور بے اختیار ہے ۔ پختونوں کی قسمت کے فیصلے بنی گالا میں ہو رہے ہیں ۔ مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سبز باغ دکھا کر ووٹ لینے کے بعد عمران خان نے عوام کو بے یار و مدد گار چھوڑ دیا ہے اور وزیر اعظم بننے کے لیے تخت پنجاب پر قبضہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کے استعفے منظور ہوئے تو اے این پی کے کارکن ضمنی انتخابات کے لیے بے تاب ہیں اوراس بار تبد یلی لانے کے دعوے داروں کو اے این پی کی قوت کا پتا لگ جائے گا ۔