06 نومبر ، 2014
نیو یارک.......امریکی جریدے فوربز کے مطابق بااثر افراد میں روس کے صدر ولادمر پیوٹن نے امریکی صدر براک اوباما کو پیچھے چھوڑ دیا۔امریکی جریدے فوربز نے 2014 کے 72 با اثر افراد کی فہرست جاری کی ہے ۔جس میں روس کے صدر ویلادیمر پیوٹن سرِ فہرست ہیں۔ جبکہ امریکی صدر براک اوباما دوسرے نمبر پر ہیں اور چین کے صدر ژی جن پنگ کا نمبر تیسرا ہے ۔ پہلے دس با اثر افراد کی فہرست میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ پانچویں نمبر پر جرمنی کی چانسلر اینگیلا مرکل اور چھٹے نمبر پر امریکا کے فیڈرل ریزرو کی سربراہ جینٹ ییلن ہیں ۔اس سال بھارت کے نومنتخب وزیر اعظم نریندر مودی بھی اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں، وہ اس فہرست میں 15ویں نمبر پر ہیں۔دولت اسلامیہ کے سربراہ ابوبکر البغدادی دنیا کے با اثر افراد میں 54 ویں نمبر پر ہیں۔فوربز کی لسٹ میں مذہب کے حوالے سے دو افراد شامل ہیں۔ چوتھے نمبر پر پوپ فرانسس ہیں جبکہ ایران کے رہنما علی خامنہ ای 19ویں نمبر ہیں۔اس فہرست میں سب سے کم عمر افراد میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ہیں ،جن کی عمر 30 سال ہےجبکہ 49 ویں نمبر پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ہیں ، جن کی عمر 31 برس ہے۔سب سے عمر رسیدہ افراد میں سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز السعود ہیں،جو با اثر افراد کی فہرست میں 11 ویں نمبر ہیں۔فوربز کی اس سال کی فہرست میں نو خواتین کو جگہ ملی ہے۔