10 نومبر ، 2014
اسلام آباد..........چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔ جسٹس رانا بھگوان داس کے بعد جسٹس تصدق حسین جیلانی نے بھی چیف الیکشن کمشنر بننے سے انکار کردیا ہے، عمران خان کے اعتراضات کے باوجود حکومت اور اپوزیشن نے جسٹس جیلانی کے نام پر اتفاق کیا تھا۔اسلام آباد میں ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پر عمران خان کے اعتراضات کو حکومت اور اپوزیشن دونوں نے حقائق کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ہنگامی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر ان سے مشاورت کی۔ حکومت اور اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس تصدق حسین جیلانی پرعمران خان کے اعتراضات میں کوئی وزن نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس معاملے میں اسٹیک ہولڈر ہیں، لیکن حکومت اور اپوزیشن کے متفق ہونے کے بعد جسٹس تصدق حسین جیلانی نے چیف الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کرلی۔