10 نومبر ، 2014
اسلام آباد........جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے معذرت کے بعد تجزیہ کاروں اور وکیل رہنماؤں کا کہنا ہے کہ موجودہ ماحول میں کوئی عزت دار آدمی نہیں چاہے گا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالے۔ سینئر وکیل رہنما عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ ملک میں نئے سیاست دانوں نے ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ اب کوئی عزت دار آدمی چیف الیکشن کمشنر نہیں بننا چاہے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما احمد اویس نے بھی عاصمہ جہانگیر سے اتفاق کیا اور کہا کہ کوئی شریف آدمی نہیں چاہے گا کہ وہ ایسا عہدہ سنبھالے جس کے نتیجے میں اس کی پگڑی اچھالی جائے۔ وکیل رہنما علی احمد کرد نے کہا کہ جج شریف آدمی ہوتا ہے وہ الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے فٹ نہیں ہوتا۔ جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود نے کہا کہ کنٹینر والوں نے ایک جانب تو جسٹس جیلانی کی عزت اچھالی تو دوسری جانب جسٹس ناصر اسلم زاہد کی حد سے زیادہ تعریف کر کے انہیں بھی متنازع بنا دیا۔