10 نومبر ، 2014
اسلام آباد.........عمران خان کےڈیشل کمیشن میں ایم آئی اور آئی ایس آئی کی شمولیت کے مطالبے پر عسکری اورقانونی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایجنسیوں کو تحقیقاتی کمیشن میں شامل کرنے کی بات کرکے فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو سیاست کی اے بی سی بھی نہیں آتی،ان کا یہ بیان جمہوریت کی نفی ہے،اس طرح کی باتیں تو جو سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا ملازم ہوتا ہے، وہ کرتا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار شہزاد چوہدری نے کہا کہ فوج کو سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنا کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتا۔ دفاعی تجزیہ کار طلعت مسعود نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ فوج کو سیاست میں لایا جائے، ان کی خواہشیں فوج کی مداخلت سے ہی پوری ہوسکتی ہیں۔ معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے،، جوڈیشل کمیشن کا بننا بھی اس کے کام میں مداخلت ہوگی۔