23 اپریل ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ جنگوں کا دور ختم ہوگیاہے، مسائل کا حل اب خارجہ پالیسی سے نکالنا ہے، بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے دوستی کا ہاتھ بڑھادیا گیاہے ۔ وزیراعظم نے قومی ترقی میں غیرسرکاری فلاحی تنظیموں کے کردار سے متعلق اسلام آباد میں سیمنار سے خطاب میں کہاکہ پاکستان ، بھارت کے ساتھ بنیادی مسائل پر بات چیت کو تیار ہے، ان دنوں سیاچن سے فوجوں کو بلانے کی باتیں ہورہی ہیں، سیاچن، آبی ایشوز، سرکریک اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل مذاکرات کی میز پر حل ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ میڈیا کو معاملات کے حل میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ مور صرف جنگل میں ناچے تو کون دیکھتا ہے ، وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی بنیادی وجہ جہالت اور غربت ہے اور ہم طاقت سے ان مسائل حل کی بجائے موثر تیاری، ترقی اوربات چیت جیسے نکات کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔