23 اپریل ، 2012
فیصل آباد… صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے لوٹ مار کے ذریعے قومی اداروں کو تباہ کیا، اب جاتے جاتے لسانی بنیاد پر صوبے بنانے کی بات کرکے ایسے جھگڑے چھوڑ کر جانا چاہتی ہے جس سے ملکی حالات خراب ہوں۔ فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی وارڈ اور بلڈ بنک کے افتتاح کیموقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،قومی اداروں کی لوٹ مار موجودہ کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کئے بغیر ختم نہیں ہو سکتی، کرپٹ زرداری ٹولے سے نجات کا راستہ عام انتخابات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عوام کرپشن کے خلاف اور کارکردگی کی بنیاد پر اپنا حق راے دہی استعمال کریں گے۔ پیپلز پارٹی کو کرپشن کے ریکارڈ توڑنے کی وجہ سے اس مرتبہ عام انتخابات میں مسترد کردیا جائے گا۔رانا ثنائاللہ نے کہا کہ جس طرح اسٹیبلشمنٹ نے سندھ میں پیپلز پارٹی کا زور توڑنے کیلئے ایم کیو ایم بنائی تھی اسی طرز پر اسٹیبلشمنٹ پنجاب میں ن لیگ کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کوئٹہ جلسہ اسٹیبلشمنٹ کی حمایت سے کیا اور اس میں اسٹیبلشمنٹ کی بولی بولی۔