23 اپریل ، 2012
اسلام آباد… میمو کیس کے مرکزی کردار حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے سپریم کورٹ میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت نے ان کے موکل کو لازمی پاکستان میں ہی تحقیقاتی کمیشن کو بیان قلم بند کرانے کا پابند نہیں کیا تھا۔چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دس رکنی خصوصی بنچ نے حسین حقانی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہاگیاہے کہ حسین حقانی کو کمیشن میں بیان بیرون ملک سے ریکارڈ کرانے کی سہولت دی جائے۔ ان کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلائل میں کہاکہ میموکمیشن نے حسین حقانی کو پاکستان آکر بیان قلم بند کرانے کا کہا ہے جبکہ سپریم کورٹ کے حکم میں ایسی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ عاصمہ جہانگیر نے کہاکہ وہ ایک دستاویز بھی عدالت میں پیش کرنا چاہتی ہیں جو ابھی دستیاب نہیں، اس لیے مہلت دی جائے، اس پر سماعت کل(منگل)تک ملتوی کردی گئی۔