23 اپریل ، 2012
پشاور… خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور نے کہا ہے کہ بنوں جیل پر حملہ ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی تھی۔ کوتاہی کے مرتکب بڑے سے بڑے آفیسر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔پشاور میں ریسکیو 1122 کے حوالے سے آگہی سیمینار کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفت گو کرتے ہوئے بشیر احمد بلور نے کہا کہ بنوں جیل سے بھاگنے والے قیدیوں کو حراست میں لینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کا یوں فرارہوجانا کوتاہی کے زمرے میں آتا ہے۔ بشیر احمد بلور کا کہنا تھا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا نہیں بلکہ عملی کاروائی کا ہے اور بنوں جیل واقعے میں کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔