23 اپریل ، 2012
کراچی… صدر آصف علی زرداری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور دہشت گردوں کو بے نقاب کرنے کے لئے جتنے وسائل چاہئے ہونگے ، وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے اس سلسلے میں سندھ میں اتحادی جماعتوں کے ارکان پر مشتمل پیس کورآڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں سندھ میں اتحادی جماعتوں کے رہنماوٴں کا اجلاس بلاول ہاوٴس کراچی میں ہوا ،اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ،آغا سراج درانی،منظور وسان،ایم کیو ایم کی جانب سے فاروق ستار،بابر غوری،رضا ہارون جبکہ اے این پی کی جانب سے شاہی سید سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں صدر آصف علی زرداری نے اتحادی جماعتوں کے ارکان پر مشتمل پیس کورآڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی ،کمیٹی وزیر اعلی سندھ کی سربراہی میں کام کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے بلاامتیاز کارروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑنا چاہتے ہیں،سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے شہر میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔