23 اپریل ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت نے وزرات صنعت و پیداوار کے فیصلے کو غیر حقیت پسندانہ قرار دیتے ہوئے وزرات پیداوار کو صنعت میں ضم کرنے کی سفارش کر دی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت کے عبدالوحید سومرو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزرات صنعت کو 2وزراتوں میں تقسیم کرنے کے حکومتی فیصلے کو واپس کرنے کی سفارش پر وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت راجہ بشارت نے کہا کہ وہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کرتے ہیں کیونکہ وزرات کو تقسیم کرنے کا فیصلہ کسی طور درست نہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے سرکاری نوکریوں پر بھرتی پر پابند ی اٹھانے کا اعلان 6 ماہ قبل کیا گیا تھا، تحریری احکامات ابھی تک جاری نہیں کئے گئے، تاہم وزرات نے مختلف محکموں میں بھرتیوں کی سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوائی ہوئی ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ یوریا کھاد تقسیم میں خورد برد 08-2007ء میں ہوئی اور ایف ائی اے کھاد اسکینڈل کی تحقیقات کر رہا ہے۔ تاہم ابھی تک اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ تک سامنے نہیں آئی ہے۔