23 اپریل ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے کل سے شروع ہونے والے ایف اے /ایف ایس سی کے 11 ویں جماعت کے پرچے ملتوی کردئیے تاہم 12ویں جماعت کے امتحانات 4 مئی سے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ ناظم امتحانات بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد بلال نے جیو نیوز کو بتایا کہ بورڈ کے زیر اہتمام 24 اپریل سے ایف اے ،ایف ایس سی کے 11 ویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع ہونے تھے تاہم بورڈ نے ایک دن قبل یہ امتحانات ملتوی کردئیے، جس کی وجہ بلوچستان پروفیسر زاینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے امتحان کے بائیکاٹ کا اعلان بتایا جاتا ہے۔ ناظم امتحانات نے بتایا کہ ایف اے/ ایف ایس سی 12ویں جماعت کے امتحان 4 مئی سے شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ 11 ویں جماعت کے امتحانات کے شیڈول بعد میں کیا جائے گا۔