18 نومبر ، 2014
کراچی.......کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار اور واسع جلیل سے ملاقات کی ۔ وفد کی سربراہی چیئرمین ایس ایم نعیم کاظمی نے کی جبکہ اس موقع پر جنرل سیکریٹری عبد الرحمن ، اراکین رضا علی عابدی، سعید احمد مغل اور اشفاق شیروانی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے کراچی کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں اورمحکمہ بلدیات کے عہدیداران کی جانب سے ٹینڈر میں مبینہ ہیرا پھیری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وفد نے بتایا کہ ٹینڈر میں میرٹ کے اصول کو نظر انداز کرکے میرٹ کی کھلے عام دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اور یہ عمل سیپرا قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے ۔ڈاکٹر فاروق ستار اور واسع جلیل نے وفد کی گزارشات کو توجہ سے سنا اور کہا کہ کراچی کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموںکے ٹینڈر میں بے ضابطگیاں حکومت سندھ اور بلدیات کے عہدیداران کی بدعنوانی کو ظاہر کرتی ہے اور تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوںکے اثرات کراچی شہر اور اس کے عوام کو بھگتنے پڑیں گے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے وفد کو کراچی کے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے ٹینڈر میں ہیرا پھیری اور بے ضابطگیوں کے عمل کی روک تھام کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس کے خلاف ملک کے تمام منتخب ایوانوں میں بھر پور آواز اٹھائی جائے گی۔دریں اثنا ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی نے کر اچی سے تر بت جا نے والی کوچ کا کو سٹل ہا ئی وے حب کے مقام پر ٹریفک حا دثے کے نتیجے میںمتعددافراد کے جا ں بحق ہو نے پر تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیو ں کی جلد صحت یا بی کیلئے دعا کی ۔ ایک بیا ن میں رابطہ کمیٹی نے جا ں بحق ہو نیوالے افراد کے لو احقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں صبر کی تلقین کی ۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حب ٹریفک حادثے میں جا ں بحق ہو نے والے افراد کی مغفرت عطا کرے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ (آمین)