Time 03 مارچ ، 2025
پاکستان

کراچی: محکمہ ایکسائز نےکسٹم افسران کے زیر استعمال غیرقانونی نمبر پلیٹس والی کئی گاڑیاں ضبط کرلیں

کراچی میں غیر قانونی نمبر پلیٹس اور ٹیکس نادہندگان کے خلاف مہم میں محکمہ ایکسائز نے کسٹم افسران کے زیر استعمال کئی گاڑیاں ضبط کرلیں۔

محکمہ ایکسائز کے عملے نے سی ویو  پر  سرکاری نمبر پلیٹس والی کئی گاڑیاں روکیں تو معلوم ہوا کہ فینسی نمبر پلیٹس والی تمام گاڑیوں کے چیسز ٹیمپرڈ ہیں اور یہ کسٹم افسران کے زیر استعمال ہیں۔

 اس موقع پر گاڑیوں میں سوار کسٹم افسران نے مدد کے لیےکسٹم اہلکاروں کو بلالیا۔کسٹم اہلکاروں  نے ایکسائز  عملےکو  دھکے دیے  اور  ایک سینیئر کسٹم افسر اپنی گاڑی بھگا کر لےگئے۔

 ڈپٹی ڈائریکٹرایکسائزاینڈ ٹیکسیشن کا کہنا ہے ٹیمپرڈ گاڑی پرسرکاری نمبر پلیٹ لگانا غیرقانونی ہے، ٹیمپرڈ گاڑیوں کوضبط کیا جائےگا، بدتمیزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 دوسری جانب ڈپٹی کلکٹر کسٹم رضا علی کا کہنا ہےکہ ایکسائز اہلکاروں کا ہماری گاڑیوں کو روکنا غلط ہے، ہم ٹیمپرڈگاڑیاں قانونی طور  پر استعمال کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر ایکسائز مکیش چاولہ کا کہنا ہے کہ ہفتے اور اتوار کو 5 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں جب کہ ٹیمپرڈ گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہےگی۔

مزید خبریں :