23 اپریل ، 2012
کوئٹہ…کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے کے افراد اور کراچی میں پشتونوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے زیراہتمام کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کیشرکا مختلف سڑکوں سے ہوتے ہوئے باچاخان چوک پہنچے۔ جہاں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، ریلی کی قیادت صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ، ڈاکٹر حامد اچکزئی، عبدالرحیم زیارتوال اورعبدالرؤف سمیت دیگر رہنماوں نے کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کوئٹہ اور کراچی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار صوبائی اور وفاقی حکومتیں ہیں تاہم وہ یہ ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوچکی ہیں،بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ مختلف اقوام کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینے کی سازش ہے،پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ و کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتاری کیا جائے، جبکہ دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا بھی فوری خاتمے کیا جائے ۔