27 نومبر ، 2014
کوئٹہ......بلوچستان ہائی کورٹ نے 14 مئی کے پروگرام اٹھو جاگو پاکستان کے خلاف مقدمات کی کارروائی فوری طور پر معطل کرنے کا عبوری حکم جاری کردیا ہے ۔ اٹھو جاگو پاکستان کے 14 مئی کے پروگرام کے خلاف بلوچستان میں 4 ایف آئی آر درج کرائی گئیں جن کے مقدمات ماتحت عدالتوں میں چل رہے ہیں ۔ مقدمات کے خلاف ایڈیٹر انچیف جنگ گروپ میر شکیل الرحمان اور آئی ایم سی نے آئینی درخواست دائر کی تھی جس پر جسٹس نورمحمدمسکان زئی اورجسٹس محمد ہاشم کاکڑ پرمشتمل بینچ نے عبوری حکم جاری کیا ۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ ’’اٹھوجاگوپاکستان’’کے14مئی کے پروگرام کے خلاف ایف آئی آر کی بنیاد پر چلنے والے مقدمات کی کارروائی فوری طورپرمعطل کی جائے ۔ عدالت نے پراسیکیوٹرجنرل اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16دسمبر تک ملتوی کردی ۔ سماعت کے دوران درخواست گذار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 13 کے تحت ایک الزام پر ایک سے زائد مقدمات نہیں چل سکتے ۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں درخواست گذار کے خلاف 75 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔