30 نومبر ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کا زیور ہوتی ہے، ترقی یافتہ قومیں ، تعلیم میں عام و جدید تعلیمی علوم ،نئی نئی ٹیکنالوجیز سے ناصرف آگاہ ہوتی ہیں بلکہ پوری قوم کو وہ علم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں،حید ر آباد کے نوجوان جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے محروم کر دئیے گئے تھے اب انشا ء اللہ یونیورسٹی حیدر آباد میں قائم ہوگی اور حیدر آباد شہر کے نواجوان اعلیٰ تعلیم بلا خوف و خطر حاصل کرسکیں گے، وہ قومیں بڑی خوش نصیب ہوتی ہیں جنہیں اچھے لیڈر مل جائیں یا اچھے اور بہادر نیک جرنیل ملک کو مل جائیں مجھے بھی ترکی کہ مصطفی کمال اتا ترک جیسا جرنیل چاہیے جس نے پور ے بگڑے ہوئے معاشرے کو درست کر دیا، مجھے مائو زے تنگ چاہیئے جس نے نشئی قوم کوآج دنیا کا امیر ترین ملک بنادیا ،مجھے فیڈرل کاسترو جیسے بہادر ایماند ار انقلابی چاہئیں،مجھے ہوچی موں جیسے انقلابی چاہیئے جنہوںنے امریکہ جیسی سپر پاور طاقت کو شکست دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال قلعہ گراؤنڈ میں اہتمام حلیم کے لئے موجود ایم کیو ایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، حق پرست عوامی نمائندوں اور میڈیا نمائندگا ن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران ، مختلف سیکٹرز اور یونٹس کے کارکنان کی بڑی تعداد لال قلعہ گراؤنڈ میں حلیم کی تیاری کیلئے موجود تھی۔ الطاف حسین نے کہا کہ مہذب معاشروں میں علم مخالف بیان پر اتنے بڑے بڑے احتجاج ہوتے ہیں کہ وہاں صدر اور وزیر اعظم بھی مستعفی ہو جاتے ہیں لیکن پاکستان میں وزیر تعلیم کے علم دشمن بیان پر کسی نے احتجاج نہیں کیا، عوام حکمرانوں کے ظلم کے خلاف ڈر و خوف کی وجہ سے احتجاج نہیں کر پاتے تو پھر فوج کا فرض ہوتا ہے کہ وہ مداخلت کرے ،جنرل پرویزمشرف کوسازش کے ذریعے ہٹا کر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے صرف پرویز مشرف پر آئین شکنی کا مقدمہ چلایا، قومی تاریخ اُٹھالیں جب ملک میں فوجی حکومت آ ئی تو لوکل باڈیز کا نظام آ یا عوام کے گھر تک حقوق پہنچے،دنیا بھر میں تعلیم کے وزیر کا کام علم کا فروغ ہوتا ہے لیکن سندھ کے وزیر تعلیم اس بات پر اڑ گئے کہ میں یونیورسٹی کے قیام میں دیوار بن جاؤں گا اور کسی قیمت پر حیدر آباد میں یونیورسٹی نہیں بننے دوں گا۔اگر تعلیم عام ہو تو خدا کی قسملسانی تفریق ختم ہو جائے گا یا بہت کم ہو جائے گا، ہمارے ملک میں وی وی آئی پی کلچر نے عوام کو بہت نقصان پہنچایا ہے اگر ایم کیوا یم کو ملک کے غریب عوام نے ووٹ دیا تو ہم وی وی آئی پی کلچر کوجرم بنادیںگے۔اس سے قبل رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ آج سے ڈیڑھ سال قبل اس وقت کے صوبائی وزیر تعلیم نے حیدر آبا د میں جامعہ کے قیام کی مخالفت میں بیان دیا تھا جس سے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی تھی لیکن الطاف حسین نے قوم کو یقین دلایا تھا کہ ایم کیو ایم خود حیدر آباد میں ایک سے سؤزائد جامعا ت بنا کر دیگی اور الطاف حسین کے کارکنان نے اپنے قائد کے وعدے کو پورا کرنے کی جدوجہد شروع کردی تھی ۔صوبائی وزیر تعلیم کا بیان انکی جاگیر دارانہ سوچ کی عکاس تھا ۔دریں اثنا متحدہ بین المسلمین فورم کے رکن اور معروف عالم دین علامہ علی قرار نقوی کے والد محمد مختار نقوی عرف اختر حسین کو کراچی کے مقامی قبرستان میں سپر د خاک کردیاگیا ۔ تدفین میں رکن رابطہ کمیٹی عبد الحسیب ، ارکان پارلیمنٹ مولانا تنویر الحق تھانوی، شیخ صلاح الدین ، انور رضا ، ایم کیوایم علماء کمیٹی کے اراکین اورعزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔