03 دسمبر ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے لاہور میں معذورافراد پر پولیس اہلکاروں کے وحشیانہ تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورسیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت انسانی حقوق کی انجمنوں سے اپیل کی ہے کہ معذوروں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف آواز احتجاج بلند کی جائے ۔ ایک بیان میںالطاف حسین نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ آج پوری دنیا میںمعذورافراد کا دن منایاجارہا تھا ، جگہ جگہ عوام ، حکمراں اور انسانی حقوق کی انجمنیں معذوروں سے اظہاریکجہتی کررہی تھیں اور انہیں درپیش مسائل پر ان کے حق میں مظاہروں کے ساتھ ساتھ قراردادیں بھی منظورکررہی تھیں ۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان میں نہ تو معذوروں کا دن منانے کا کوئی اہتمام کیا گیا اور نہ ہی سرکاری سطح پرمعذورافراد کے مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ دی گئی، لاہور میں معذورافراد اپنے مسائل اور حقوق کیلئے جمع تھے اور نعرے لگارہے تھے کہ ان پر لاہورپولیس کے اہلکاروں نے ایسا بہیمانہ تشدد کیا کہ انسانیت بھی کانپ اٹھی اور ہردیکھنے والی آنکھ اشکبار ہوگئی۔معذوروں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پنجاب کی پوری کابینہ مستعفی ہوجاتی لیکن حکومت نے ظلم کرنے والے پولیس افسران واہلکاروں کے خلاف محض خانہ پری اور رسمی کارروائی کے علاوہ کوئی ٹھوس اور مؤثر قدم نہیں اٹھایا۔ الطاف حسین نے ملک کی تمام این جی اوز ، انسانی حقوق کی انجمنوں اور سیاسی ومذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ معذوروں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف مشترکہ طورپر احتجاجی مظاہرہ کرکے اس ظلم وبربریت کے خلاف آواز احتجاج بلند کریں اور ظلم کرنے والے پولیس اہلکاروں کو برطرف کرنے کا مطالبہ کریں۔ دریں اثناالطاف حسین کی ضمانت میں توسیع کی خبرمیڈیاپرنشرہوتے ہی ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میںپاکستان کے چاروں صوبوں کے مختلف شہروں ، آزادکشمیر، شمالی وقبائلی علاقہ جات اورمختلف ممالک سے مبارکبادکی ٹیلی فون کالز کاتانتابندھ گیا۔کارکنوں، ذمہ داروں اور ہمدردوں نےالطاف حسین کوان کی ضمانت میں توسیع پر مبارکبادپیش کی اورالطاف حسین کی صحت وسلامتی اورتحریک کی کامیابی کیلئے دعاکی ۔ اس موقع پر اپنے جذبات کااظہارکرتے ہوئے بعض کارکنوںکاکہناتھا کہ الطاف حسین کل بھی حق پرتھے اورآج بھی حق پرہیںاور ان کے خلاف گھناؤنی سازشیںکرنے والے اپنے ناپاک ارادوں میں ماضی کی طرح آئندہ بھی ناکام ونامرادہوںگے۔فون کرنے والی بعض بزرگ خواتین، الطاف حسین کیلئے اپنے جذبات کااظہارکرتے ہوئے آبدیدہوگئیں اورانہوںنے گلوگیرآوازمیںالطاف حسین کومبارکباددیتے ہوئے ان کے لئے دعائیں کیں۔انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں مبارکبادکے فون موصول ہونے کے سلسلہ دن بھرجاری رہا۔