پاکستان
06 دسمبر ، 2014

میجر شبیر شریف:جرأت اور جواں مردی کا نشان

میجر شبیر شریف:جرأت اور جواں مردی کا نشان

راولپنڈی..........جرأت اور جوانمردی کا نشان، نشان حیدر حاصل کرنے والے پاک فوج کے میجر شبیر شریف شہید 28اپریل 1943ء کو کنجاہ ضلع گجرات میں پیدا ہوئے۔19اپریل 1964ء کو فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ انہیں بطور کیڈٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے اعزازی شمشیر اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ستارہ جرأت سے نوازا گیا۔ ان کی عمر اس وقت صرف 22سال تھی۔ 1971ء کی جنگ میں میجر شبیر شریف نے دشمن کو ایک نہیں کئی مواقع پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ 5اور6دسمبر کی درمیانی رات گھمسا ن کی جنگ میں میجر شبیر شریف نے بھارت کی 4جاٹ رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر میجر نرائن کو للکارا، دست بد ست لڑ ائی میں اُسے ہلاک کیا اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔ 6دسمبرکی دوپہرمیجرشبیر شریف نے دشمن کاایک اور حملہ پسپا کیا۔ اسی دوران دشمن کے ٹینک کا گولہ انہیں لگا اور وہ شہید ہو گئے۔ میجر شبیر شریف کو ان کی بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں اعلیٰ ترین فوجی اعزازنشان حیدر سے نوازا گیا۔ میجر شبیر شریف موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔ میجر شبیر شریف پاک فوج کے واحد آفیسر ہیں جنہیں دو اعزاز ستارۂ جرأت اور نشان حیدر سے نوازا گیا ہے۔

مزید خبریں :