24 جنوری ، 2012
برلن…جرمن حکومت نے پاکستان میں اپنے تین مبینہ جاسوسوں کی گرفتاری پر پاکستانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔ جرمن جریدے کا دعویٰ ہے کہ گرفتار افراد کو رہا کردیا اور وہ جرمنی پہنچ چکے ہیں۔جرمنی کے ہفت روزہ جریدے اسپیگل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مبینہ جرمن جاسوسوں کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد اور برلن کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ جرمنی میں پاکستان کے قائم مقام سفیر کو جرمن حکومت نے طلب کرکے پاکستان کے مقامی حکام کے طرز عمل پر احتجاج کیا۔ جرمن وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر مزید وضاحتوں کی ضرورت ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا دعویٰ ہے کہ گرفتار افرادجرمنی کی فارن انٹیلی جینس ایجنسی بی این ڈی کے لئے کام کرتے ہیں۔ ان پر کافی عرصے سے نظرتھی جرمن وزارت خارجہ نے پاکستانی موقف کی تصدیق نہیں کی بلکہ دعویٰ کیاکہ تینوں افراد اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کے لئے سفارتی طور پر رجسٹرڈ ورکرز ہیں۔تاہم دوسری جانب جرمنی ہی کے بین الاقوامی تعاون کے ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد اْن کے ملازمین نہیں ہیں۔ جرمن اور پاکستانی سیکیورٹی حلقوں میں موجود ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ تینوں گرفتار افراد جرمنی کے فارن ایجنٹ ہیں۔ انہیں گرفتاری کے بعداسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کے حوالے کردیا گیا تھا اور انہیں اتوار کی شب ایک پرواز کے ذریعے جرمنی پہنچادیا گیا ہے۔