08 دسمبر ، 2014
دبئی......پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں تین وکٹوں سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔اس سے قبل دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کاٹاس پاکستان نے جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر کیویز نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میںسات وکٹوں پر 246رنز کا مجموعہ ترتیب دیا اس طر گرین شرٹس کو جیت کے لیے 247کا ہدف ملا، تاہم پاکستان کی بیٹنگ کولپس ہونے اور صرف 124 پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد جب پاکستان کی شکست یقینی نظر آرہی تھی اس موقع پرجہاندیدہ شاہد خان آفریدی 61اورنوجوان بیٹسمین حارث سہیل 85ناٹ آئوٹ نے ساتویں وکٹ کے لیے شاندار110رنز کی شراکت جوڑی جوکہ بالاخرمیچ وننگ ثابت ہوئی۔میچ کے آخری اور انتہائی سنسنی خیز لمحات میںشاہد آفریدی تیزی سے رن لینے کی ایک کوشش میں رن آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر حارث سہیل نے چارج اپنے ہاتھ میں لے لیا اور گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کرایا۔پاکستان کی جانب سے حفیظ 6،احمد شہزاد28،اسد شفیق 5،یونس خان 4، کپتان مصباح الحق 13،سرفراز احمد26اور وہاب ریاض نو رنز بناکر ناٹ آئوٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈینیل ویٹوری اور نیشام نے دو دوجبکہ کائل ملزاور میکولم نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ حارث سہیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔