22 دسمبر ، 2014
کراچی........کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہاہے کہ منشیات اور دہشتگردی کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہیں ۔ کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے 35 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی ۔ جس کے مہمان خصوصی کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ بنے ۔ کیڈٹس سے سلامی لینے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ منشیات کی طرح دہشت گردی بھی ملک کو اندرونی طور پر کمزور کررہی ہے ۔ جس کے خلاف کوسٹ گارڈ نے سربکف رہنا ہے ۔ لیفٹننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود سمندروں کی مسلسل نگرانی ، منشیات و انسانی اسمگلنگ اور اسلحے کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کےلیے کوسٹ گارڈ کا کردار قابل تحسین ہے ۔ کیڈٹس کی جانب سے شاندار پریڈ اور اعلیٰ کارکردگی کے مظاہرے پر کمانڈر سدرن کمانڈ نے انہیں مبارک باد پیش کی ۔