27 اپریل ، 2012
اسلام آباد… اسلام آباد میں قائداعظم یونی ورسٹی کے طلباء نے ہڑتال کرتے ہوئے جامعہ کے بیرونی راستے بند کردئے ہیں جبکہ وائس چانسلر نے یونی ورسٹی کو 2 روز کیلئے بند کردیا اور ہاسٹل بھی خالی کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ جامعہ قائداعظم کے احتجاجی طلباء کا کہناہے کہ یونی ورسٹی ہاسٹل میں انتہائی غیرمعیاری سہولیات دی جارہی ہیں ، گزشتہ دنوں یونی ورسٹی کی ایک بس کے نیچے آکر طالبعلم کے مارے جانے کا ملزم ڈرائیور گرفتار بھی نہیں ہوا ہے، احتجاجی طلباء نے یونی ورسٹی کے باہر آکر مرکزی دروازے کو بند کردیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا ،ذرائع کے مطابق وائس چانسلر نے یونی ورسٹی کو دو روز کیلئے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہاسٹل بھی خالی کرانے کی ہدایات کردی ہیں، حالات پر کنٹرول کرنے کیلئے شہری انتظامیہ کے حکام اور پولیس کے دستے بھی وہاں پہنچ گئے ، احتجاجی طلباء بعد میں یونی ورسٹی کے اندر چلے گئے اور وہاں ہونے والی عالمی سطح کی ایک کانفرنس کے ہال کو جانے والے راستے بھی بند کردیئے۔