27 اپریل ، 2012
کراچی…افضل ندیم ڈوگر… کراچی کے علاقے لیاری میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے، اس دوران فائرنگ اور بم حملوں میں دو افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ پاک کالونی میں پولیس پر حملے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ گینگ وار اور بدامنی کا شکار علاقے لیاری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایک اور آپریشن جاری ہے۔ سی آئی ڈی ، ایف سی، اور دیگر پولیس کی بھاری نفری نے آج صبح سویرے لیاری کے علاقے چیل چوک اور لی مارکیٹ کی طرف سے کارروائی شروع کی تو فورسز کو حسب سابق شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران دونوں طرف سے شدید فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا۔ لیاری کے علاقے کلاکوٹ، چیل چوک، نواں لین، شاہ بھٹائی روڈ، بغدادی، کلری،آگرہ تاج کالونی وغیرہ میں شدید فائرنگ کی گئی۔کلاکوٹ میں گبول پارک کے قریب فائرنگ سے 55 سالہ آصف عثمان جبکہ چاکیواڑہ میں میراں ناکہ کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلے میں ملک مشتاق ہلاک ہوگیا۔ اس کے قریب علاقے آگرہ تاج کالونی میں دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ لیاری کے قریبی علاقے پاک کالونی میں دہشت گردوں نے پولیس کی ایک گشتی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار عبدالحمید جاں بحق جبکہ ہیڈ کانسٹبل شاہ نواز زخمی ہوگیا۔ لیاری میں دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ آخری اطلاعات تک وقفے وقفے سے جاری تھا۔ آپریشن کی نگرانی کرنے والے ایس ایس پی سی ڈی آئی چوہدری اسلم کے مطابق آج کے آپریشن میں پولیس نے کافی پیش رفت کی، متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے کئی علاقوں کا کنٹرول پولیس سنبھال لیا ہے، نواں لین، چیل چوک اور لیاری کے دیگر اندرونی علاقوں میں چوکیاں قائم کرلی ہیں۔لیاری میں ایک بار پھر کشیدگی کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔ لیاری کے امتحانی مراکز میں ہونے والا میڑک ریاضی کا پرچہ آج دوسری مرتبہ ملتوی کردیا گیا ہے۔