پاکستان
05 جنوری ، 2015

ذوالفقار علی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ ملک بھر میں منائی گئی

ذوالفقار علی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ ملک بھر میں منائی گئی

کراچی.........سانحہ پشاور اور ربیع الاول کے باعث ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ سادگی سے منائی گئی۔ ذوالفقار علی بھٹو کو ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 87ویں سالگرہ گڑھی خدا بخش میں منائی گئی۔ اس موقع پر کارکنوں نے قران خوانی کی، صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو اور رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو نے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ سکھر ہاؤس میں ذوالفقار علی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ کا کیک کاٹاگیا۔ نواب شاہ میں پپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کے ضلع آفس اور ٹنڈومحمدخان میں بخاری ہاؤس میں تقریب ہوئی۔ ملتان کے مقامی ہوٹل میں ذوالفقار علی بھٹو کی 87 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی ، کیک کاٹا گیا جس کے بعد کارکناں کیک پہلے کھانے اور پہلے پانے کے لیے اس پر ٹوٹ پڑے جبکہ کچھ کارکن خوشی اور جوش میں کیک کھاتے اور ایک دوسرے کے چہرے پر لگاتے رہے۔ بہاول پور میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر کی رہائش گاہ پر کیک کاٹا گیا۔ چیچہ وطنی میں بھی سالگرہ کی تقریب ہوئی۔ مردان میں پیپلز پارٹی ورکرز گروپ کے زیر اہتمام سالگرہ منائی گئی۔ سانحہ پشاور کے شہدا کے لیے شمعیں روشن کی گئیں اور ذوالفقار علی بھٹو کو ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزورکرز گروپ کی رہنما ناہید خان اور صفدر عباسی نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔قبائلی علاقے پاراچنار میں پیپلز ہاؤس میں ذوالفقار علی بھٹو کی 87ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گيا اور کیک کاٹا گيا۔ میرپورآزادکشمیرمیں ذوالفقارعلی بھٹو کی87سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید نے کیک کاٹا اور تقریب سے خطاب میں ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں :