05 جنوری ، 2015
راولپنڈی........ورکنگ باؤنڈری پر ظفروال سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے خاتون سمیت 4شہری شہید ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ نارووال کے ظفر وال اور شکرگڑھ سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی جارحیت سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ کئی دیہات مکمل طور پر خالی ہوگئے ہیں۔ لوگ اپنا مال و متاع، کھیت کھلیان چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہورہے ہیں، گلی محلے سنسان پڑے ہیں۔ شکرگڑھ سیکٹر کے گاؤں نہالا میں کوریج میں مصروف جیونیوز کی ٹیم بھی محصور ہوگئی۔ ظفروال سیکٹر پر بھارتی افواج کی فائرنگ اور گولہ باری سے ایک خاتون سمیت چار افراد شہید ہوگئے۔ شکر گڑھ سیکٹر میں ایک شخص زخمی ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 دسمبر سے اب تک بھارتی افواج نے 6بار جارحیت کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان رینجرز کی جانب سے بھی بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔