06 جنوری ، 2015
اسلام آباد........وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ اکیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کےلیے اتحادی ساتھ ہیں ۔ جنہیں تحفظات ہیں ، حکومت دور کرے گی ۔قومی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ارکان پارلیمنٹ اسپیکر ایاز صادق کی طرف سے دیے گئے ناشتے پر جمع ہوئے ۔ جہاں وزیراعظم بھی موجود تھے ۔ ارکان سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہاکہ فوجی عدالتوں کے قیام کےلیے آئینی ترامیم غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدام ہے ۔ اس کی منظوری کا مرحلہ آج مکمل ہوناچاہیے ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں اپنے موقف کا اظہار کیا۔ اسپیکر کی دعوت کو آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کی آخری کوشش تصور کیا جارہاہے۔ ترمیم پر تحفظات کا اظہا رکرنے والوں میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سر فہرست ہیں ۔اور اس سلسلے بات چیت کےلیے دو وفاقی وزرا آج ان کے گھر بھی گئے ۔ آئینی ترمیم پر وزیر داخلہ چودھری نثار نے گزشتہ روز ایوان کو اعتماد میں لیا تھا۔ جن کا کہنا تھاکہ جو لوگ دہشت گردی میں ملوث نہیں انھیں ڈرنے کی ضرورت نہیں۔گزشتہ روز اجلاس میں ایم کیو ایم نے ترمیم میں کسی تبدیلی اور منظوری میں تاخیر کی مخالفت کی تھی ۔