دنیا
06 جنوری ، 2015

ڈیلس:حبا انٹرٹینمنٹ کے تحت ’’نیو ایئر گالا‘‘کا اہتمام

ڈیلس:حبا انٹرٹینمنٹ کے تحت ’’نیو ایئر گالا‘‘کا اہتمام

ڈیلس......راجہ زاہد اختر خانزادہ...... امریکہ سمیت دنیا بھر میں 2015ء کے سال کی آمد کی خوشی میں جہاں مختلف پروگرام منعقد ہوئے وہاں ڈیلس میں بھی عوام الناس کو تفریح فراہم کرنے والی کمپنیوں جن میں حبا انٹرٹینمنٹ‘ میرا باکس آفس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں نیو ایئر گالا منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر حبا انٹرٹینمنٹ‘ کے ناصر اور میرا باکس کے اجے متل اور حسین آجانی نے آنے والے مرد و خواتین کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ہال کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جبکہ دیسی گانوں کی دھنوں پر ماحول کو مکمل طور پر دیسی بنایا گیا تھا۔ پروگرام کا آغاز فنکاروں کی بھرپور پرفارمنس سے شروع ہوا جس میں مقامی ڈیلس کے مرد و خواتین فنکاروں نے بھرپور طریقے سے اپنی شاندار پرفارمنس پیش کر کے وہاں آنے والے حاضرین کو انتہائی محظوظ کیا۔ اس موقع پر عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا تاہم رات 9 بجے کے بعد پورا ہال لوگوں جن میں مرد و خواتین اور بچے شامل تھے‘ سے کھچا کھچ بھر گیا اور رات 10 بجے کے بعد آنے والے مرد و خواتین اجتماعی رقص میں مصروف ہو گئے۔ ہر کسی نے دیسی اور پاکستانی نغموں پر بھرپور ڈانس کیا۔ آنے والے حاضرین کو خصوصی طور پر پروگرام کے منتظمین کی جانب سے رنگ برنگی مالائیں‘ 2015ء کے برقی قمقموں سے جھل مل کرتے عینک اور شور مچانے کے لئے پونگیاں بھی دی گئیں۔ کئی نوجوان رنگ برنگے بینڈ پہنے ہوئے تھے۔ اس شام ہر شخص خوشی سے سرشار نظر آ رہا تھا جبکہ کچھ افراد اپنے ہمراہ چھوٹے بچوں کو بھی لے کر آئے تھے جنہوں نے خوب انجوائے کیا۔ بڑے مرد و خواتین کے ساتھ بچوں نے بھی بھنگڑے ڈالے۔ اس طرح یہ پروگرام رات گئے تک جاری رہا اور آنے والے افراد مرد و خواتین ان حسین لمحات کا بھرپور مزہ لیتے رہے۔ اس موقع پر پروگرام کی میزبانی کے فرائض امبرین حسنات نے سرانجام دئیے۔ پروگرام کے آرگنائزروں ناصر اجے اور حسین آجانی نے کہاکہ باہمی اشتراک سے ہونے والا نئے سال کا یہ پروگرام انتہائی کامیاب رہا جس پر وہ ڈیلس کمیونٹی کے انتہائی مشکور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح آئندہ بھی ڈیلس کے باسیوں کو وہ تفریح کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔


ڈیلس (راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ) اُردو کے معروف شاعر اور پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق پروڈیوسر سید اقبال حیدر نے ڈیلس کے دیسی بچوں کو اُردو پڑھنا‘ لکھنا اور بولنا سکھانے کیلئے اپنی خدمات مقامی کمیونٹی کالج کو پیش کر دی ہیں۔ اس ضمن میں پلانو اور ڈیلس کے قرب و جوار میں رہنے والے کمیونٹی کے افراد اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ اس ضمن میں PSRS پلانو سینٹر ریکریشن سینٹر واقع 401 ویسٹ 16 اسٹریٹ پلانو میں کلاسز کا آغاز ہفتہ 10 جنوری سے صبح 10 بجے سے 12 بجے تک ہو گا جس کا دورانیہ 10 ہفتے ہو گا۔ کورس کی فیس صرف 9 ڈالر رکھی گئی ہے۔ اس طرح ایک اور اُردو کی کلاس ریچلینڈ کالج جو کہ ڈیلس کائونٹی کا کمیونٹی کالج ہے‘ وہاں پر بھی شروع کی جا رہی ہیں یہ کلاسیں 12800 ایبرم روڈ ڈیلس میں شروع ہوں گی جہاں پر یہ کلاسیں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ہوں گی۔ کورس کا نمبر Sanz-1000-82088(952986) ہے جو کہ ایک سمسٹر پروگرام ہے۔ یہ کلاسیں شام 4 بجے شروع ہوں گی جس کی فیس 85 ڈالر رکھی گئی ہے۔ اس طرح یہ کلاسیں بچوں اور بڑوں کو اُردو سیکھنے‘ لکھنے اور پڑھنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوں گی۔ سید اقبال حیدر کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مزید تفصیلات کیلئے وہ ذاتی طور پر اُن سے فون نمبر: 972-922-3576 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭



مزید خبریں :