05 مارچ ، 2025
اسرائیل نے فضائی حملے میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے بحری کمانڈر کی شہادت کا دعویٰ کر دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کو جنوبی لبنان میں ایک فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کے بحری کمانڈر خدر سید ہاشم کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے قنا قصبے کے قریب لبنانی مسلح گروپ کے بحریہ یونٹ کے کمانڈر خدر سید ہاشم کو شہید کیا۔
اسرائیل نے الزام لگایا کہ خدر سید ہاشم ایسی سرگرمیوں میں ملوث تھے جو اسرائیل اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ تھیں۔
فوج نے مزید کہا کہ ہاشم، حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے رکن تھے اور وہ بحری اسمگلنگ آپریشنز میں بھی ملوث تھے۔
ادھر لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ جنوبی شہر صور کے علاقے میں اسرائیلی حملے کے دوران ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص ہلاک ہوا۔