پاکستان
27 اپریل ، 2012

خیرپور میں کشیدگی ،8افراد زخمی:کرفیونافذہونے کی متضاد اطلاعات

خیرپور میں کشیدگی ،8افراد زخمی:کرفیونافذہونے کی متضاد اطلاعات

خیرپور … خیرپور میں نامعلوم افراد نے پنج گلہ چوک ،کچہری روڈ اور دیگر مقامات پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8افراد زخمی ہوگئے شہر میں فائرنگ گذشتہ شب پھول باغ روڈ پر چار کیبن شاپ نذر آتش کر نے کے بعد شروع ہوئی جس سے کئی علاقوں میں کشید گی پھیل گئی ،کشید گی کے دوران مشتعل افراد نے کچہری روڈ ،شاہی بازار اور اسٹیشن روڈ کے علاقوں میں دکانوں پر حملے کئے جس سے مزید تین دکانوں کو نقصان پہنچا ہنگامہ آرائی اور حملوں باعث پورا شہر بند ہوگیا شہری املاک کو مزید نقصان اور حملوں سے بچانے کے لئے شہر میں رینجرز اور پولیس تعینات کر دی گئی ہے جبکہ پنج گلہ چوک اور دیگر مقامات پر بکتر بند گاڑیاں موجود ہیں۔ کشیدہ صورت حال پر قابو پانے کے لئے ایس ایس پی خیرپور عرفان بلوچ رینجرز افسران کے ہمراہ شہر کی سڑکوں پر گشت کر تے رہے۔اس موقع پر ایس ایس پی عرفان بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ صورت حال پر قابو پانے کے لئے پنج گلہ چوک ،سی آئی ڈی موڑ ،پھول باغ روڈ ،فوج داری روڈ اور کچہری روڈ پر کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کے لئے کہا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکار لاوڈ اسپیکر کے ذریعے سڑکوں پر اعلانات کر تے رہے کہ شہر میں کرفیو ہے کوئی شہری گھر سے باہر نہ نکلے جبکہ ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد عباس بلوچ نے بتایا کہ شہر میں کرفیو نافذ نہیں کیا رینجرز اور پولیس تعینات کی ہے انہوں نے کہا کہ شہری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی انہوں نے شہریوں سے اپیل کہ امن وامان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ دریں اثناء فائرنگ اور حملوں میں زخمی ہونے والے 8افراد فرمان علی گھانگھرو ،عنایت علی خاصخیلی ،سید سہیل شاہ ،تنویر چنو کمبر علی شاہ بشیر احمد ،دانیال شیخ اور عمران شیخ کو سول اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے پولیس کے مطابق شہر میں کچھ عرصے سے دو مذہبی گروپوں کے درمیان کشید گی چل رہی ہے شہر میں حالیہ ہنگامے اس کا رد عمل ہے ۔پولیس نے بعدازاں چھاپے مار کر جماعت اہل سنت خیر پور کے صدر عبدالکریم مر سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا۔جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے جاری ہے۔

مزید خبریں :