28 اپریل ، 2012
لاہور … پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ امریکا نے حافظ سعید کے سر کی قیمت نہیں لگائی، پاکستانی میڈیا نے بات کو غلط رنگ دیا۔ لاہور کے ایک ہوٹل میں امریکن بزنس فورم کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ادارے کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق ملنے والی فہرست میں حافظ سعید کا نام شامل ہے، ممبئی دھماکوں کے حوالے سے بھی ان پر الزامات ہیں۔کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بداعتمادی کو مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی سفیر نے کہا کہ افغانستان کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، سہ فریقی مذاکرات میں پاکستان اور امریکا امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔