پاکستان
29 اپریل ، 2012

لیاری میں حالات بدستور کشیدہ، پولیس پر راکٹ اور دستی بم کے حملے

لیاری میں حالات بدستور کشیدہ، پولیس پر راکٹ اور دستی بم کے حملے

کراچی… کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے ۔ ملزمان کی طرف سے پولیس پر راکٹ اور دستی بم سے حملہ بھی کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں سی آئی ڈی، ایف سی اور علاقہ پولیس نے گینگ وار میں ملوث ملزموں اور جرائم پیشہ عناصرکیخلاف جمعے کی صبح آپریشن شروع کیا تھا۔ آپریشن کے تیسرے روز بھی لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کو جرائم پیشہ عناصر کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے تاہم پولیس نے کچھ علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اونچی عمارتوں پر مورچے بنا لئے ہیں ، لیاری میں جونا مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ جمن شاہ پلاٹ پر پولیس کی بکتربند پرراکٹ اور دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے بکتر بند کے دوٹائر پھٹ گئے تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے ، علاقے میں شدید فائرنگ اور کریکر کے دھماکوں کی اوازیں بھی آرہی ہیں جبکہ لیاری آپریشن کے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر کراچی پولیس کے ایسٹ زون کو ریڈ الرٹ کردیا گیا لیاری میں آپریشن کے لئے سی آئی ڈی کے تمام یونٹس کو ایس ایس پی چوہدری اسلم کے ماتحت کردیا گیا آج سی آئی ڈی کے تمام یونٹ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ، لیاری آپریشن میں حصہ لینے کے لئے اندرون سندھ سے منگوائی گئی بکتر بند گاڑی محاذ پر پہنچنے سے پہلے ہی خراب ہوگئی چیل چوک سے پہلے ہی بکتر بند کا فین بیلٹ ٹوٹ گیاجسے مرمت کے بعد صحیح کرلیا گیا۔ آپریشن کی وجہ سے لیاری میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے، اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں کراچی پولیس چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن کے دوران مطلوب ملزم ملا نثار کا بھائی سہیل ماراگیا او متعدد جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔

مزید خبریں :