29 اپریل ، 2012
اسلام آباد… وفاقی وزیرداخلہ رحمان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی دھمکیاں دینے والے سن لیں ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، ن لیگ میں اگر ہمت ہے تو میرے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرے، شریف برادران کے خلاف کرپشن کے تمام ثبوت موجود ہیں ، اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ سے ان کی کرپشن کے خلاف رجوع کیاجائے گا، رحمان ملک کا کہنا ہے وہ جلد انکشاف کریں گے کہ نوازشریف کے صاحبزادوں کے پاس اربوں کہاں سے آئے۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹوں کے آئی جی اور ڈیفالٹرہیں، جلد اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے ان کے ماتحت ہے لہذا نیب سے تحقیقات کرانے کا کہہ دیا ہے تاکہ اس کی شفافیت پر کوئی انگلی نہ اٹھاسکے،نوازشریف کے بیٹوں کے پاس اربوں کہاں سے آئے، اس بارے بھی جلد انکشاف کیاجائے گا، رحمان ملک نے کہا کہ شہبازشریف نے ایمنسٹی انٹرنیشنل پر دباوٴ ڈال کرپنجاب کو کرپشن فری ہونے کا سرٹیفیکیٹ دلوایا، ان سے تحقیقات کا مطالبہ کیاجائے گا تاکہ فیصلہ واپس لیاجائے۔ نوازشریف جنرل درانی سے پیسے لینے کا جواب دینے کے بجائے چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔