29 اپریل ، 2012
پشاور… عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سئنیر نائب صدر سینٹر حاجی محمد عدیل نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کیلئے پی پی پی کو کئی بار مشورہ دیا کہ شہر فوج کے حوالے کیا جائے لیکن ان کی ایک نہ سنی گئی۔ نواز شریف لانگ مارچ کرکے ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جانا چاہتے ہیں۔ پشاور میں جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سینٹر حاجی محمد عدیل نے کہا کہ کراچی میں مکمل امن تب ہی قائم ہوگا جب شہر کو فوج کے حوالے کیا جائے اور فوج شہر کو اسلحہ سے پاک کرے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو متعدد بار شہر کو فوج کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا مگر پی پی پی نے بات نہیں مانی۔حاجی عدیل نے کہا کہ آئینی طور پر اگر اسپیکر قومی اسمبلی وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کو مسترد کرتی ہے تو پھر اسکو الیکشن کمیشن نہیں بھیجا جائے گا۔حاجی عدیل نے کہا کہ نواز شریف لانگ مارچ کرکے ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جانا چاہتے ہیں جو نامناسب ہے۔