03 فروری ، 2015
کراچی......متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7میں دو مختلف اسکولوں پر دہشت گردوں کی جانب سے کریکر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے واقعہ کو انتہائی افسوسنا ک قرار دیتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کی جانب سے اسکولوں پر حملہ نے کراچی کے شہریوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ایک جانب دہشت گرد کراچی میں مختلف اسکولوں کو سنگین دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ دوسری جانب آ ج ایسے وقت میں کہ جب اسکولوں میں طلبہ کی آمد کا سلسلہ جاری ہوتاہے دہشت گردوں کی جانب سے کریکر حملوں نے تعلیمی اداروں کی حفاظت کیلئے صوبائی حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ان مذموم کارروائیوں سے بچنے کیلئے ہی گزشتہ دہائی سے کراچی سمیت ملک بھر کے عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے تحفظ کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی محلہ کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ ان مذموم عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکولوں پر کریکر حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیکر سیکورٹی میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کریں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں ۔دریںحق پرست ارکان سندھ اسمبلی عدنا ن احمد اور عبد الرؤف صدیقی نےکریکر حملوں کے متاثرہ نجی اسکولوں کا دورہ کرکے اسکول انتظامیہ، طالب علموں اور انکے والدین سے ملاقات کی اور اسکول انتظامیہ کو الطاف حسین کی جانب سے دلی ہمدردی اورواقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کا پیغام پہنچایا ۔ اس موقع پر عدنان احمد اور عبد الرؤف صدیقی نے متاثرہ جگہ کا جائزہ لیا اور کریکر حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان نہ ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔انہوں نے اسکول انتظامیہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے سچل گوٹھ کے گورنمنٹ گرلز سکینڈری اسکول کی انتظامیہ کو بھی دہشت گردوں کی جانب سے دھمکی آمیز خط بھیجا جا چکا ہے جبکہ شہر کے مختلف اسکولوں کو دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہماری آئندہ نسلوں کو حصول علم سے دور کرکے پاکستان کو تباہی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں لہٰذا ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرکے ان مذموم عناصر کے خلاف جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرناہوگا ۔