04 فروری ، 2015
کراچی ........ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اورپاکستان سائنس فائونڈیشن اسلام آباد کے باہمی اشتراک سے بورڈ سے الحاق شدہ سرکاری و نجی اسکولوں کے نویں ودسویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے مابین مقابلہ مضمون نویسی ہوا۔ مقابلے کا انعقاد اُردو، انگریزی اور سندھی میں بورڈ آفس کے کانفرنس ہال میں کیا گیاجس میںطلباء کی کثیرتعداد نے حصہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی ذہنی صلاحیتوں کو جانچنے کی اس وقت اشد ضرورت ہے تاکہ طلباء جس ذہنی تنائو کا شکار ہیں اس سے نکل کر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لواہا ان سرگرمیوں کی صورت منواسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اس قسم کی صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد ہونا چاہیے۔ اس موقع پر سیکریٹری بورڈ مسز حور مظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلوار سے زیادہ قلم میں طاقت ہے، طلبہ و طالبات قلم کی طاقت سے ہی اپنی ذہنی اور فنی صلاحیتوں کا اعتراف ان پلیٹ فارمز سے کرائیں، میٹرک بورڈ ہر سال ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے کئی پروگرام تشکیل دیتا ہے ، جن میں طلبہ و طالبات اپنی صلاحیتوں کالوہا منواتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 16فروری سے شروع ہونے والے ہفتہ طلباء میں اسکولوں کے طلباء بھرپور شرکت کریں۔ ناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ طلباء میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ اور وسیلہ ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ ان سرگرمیوں کے ساتھ امتحانات کی تیاری بھی اسی جذبے کے ساتھ کریں تاکہ کامیابی قدم چومے۔