13 نومبر ، 2022
پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل آج آسٹریلیا کے تاریخی اسٹیڈیم میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے جس کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
میلبرن کی سڑکوں پر میچ سے قبل جشن کا سماں ہے، پاکستانیوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ’جیتے گا بھئی جیتے گا، پاکستان جیتے گا‘ کے نعروں سے سڑکیں گونج اٹھیں، دل دل پاکستان اور جذبہ جنون کی صدائیں بھی بلند ہوگئیں۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلرکا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ورلڈکپ کھیلنے کی خوشی الگ ہوتی ہے اور ورلڈکپ کا فائنل کھیلنا اعزاز ہے ، پاکستان جیسے سخت حریف کے خلاف کل ایک نیا آغاز کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مومینٹم بناہوا ہے اس کو فائنل میں بھی برقرار رکھیں گے، انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی ہے، جوز بٹلر اور ایلکس ہیلزکے خلاف مؤثر حکمت عملی بنائی ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ پاورپلے کو بولنگ اور بیٹنگ میں اچھی طرح استعمال کریں گے۔
پاکستان اورانگلینڈ کی ٹیموں میں میچ وننرز کی کمی نہیں، ابتداء میں اسٹار شاہین آفریدی کا جادو تو نہ چل سکا لیکن پھر ایسا کم بیک کیا کہ سب کو حیران کردیا، شاہین کے اب تک 10 شکار ہیں۔
فائنل میں پاکستان کے دوسرے اہم ہتھیار ہوں گے شاداب خان ، جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کوکم بیک کرنے میں مدد دی، رنز بنائے، وکٹیں چٹخائیں اور فیلڈنگ میں بھی جوہردکھائے، شاداب کی بھی 10 وکٹیں ہیں، ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ وکٹ کیپر محمد رضوان اور محمد حارث انگلش بولرز کا امتحان لے سکتے ہیں۔
سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف میچ میں خطرے کی گھنٹی بجانے والے انگلش اوپنرز ایلکس ہیلز اور جوز بٹلر فائنل میں پاکستان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار ہیں، سیمی فائنل میں کپتان بٹلر نے چھکے چوکوں کی بارش کی تو الیکس ہیلز بھی پیچھے نہ رہے اور ان کا بھرپور ساتھ دیا اور بھارت کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا۔
اس کے علاوہ انگلش پیسر سیم کرن اور مارک ووڈ بھی اپنی تیز رفتار بولنگ سے پاکستان کے لیے مشکلات کھڑی کرینگے، سیم کرن نے ٹورنامنٹ میں اب تک 10 اور مارک ووڈ نے 9 وکٹیں لی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل سے ایک دن قبل ہفتے کی شب سے ہی میلبرن میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کر دی ہے اور ریزرو ڈے والے روز یعنی پیر کو میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہو گی کہ میچ اتوار کو ہی مکمل ہو جائے، بارش کی صورت میں ریزرو ڈے پر مقابلہ پیر کو دن 3 بجے شروع کیا جائے گا۔
ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں ہر سائیڈ کے لیے کم از کم 10 اوورز کا کھیل ضروری ہے اور میچ کو مکمل کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ میچ والے روز لیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے اتوار کے روز ہی فیصلے لیے جائیں گے کہ آیا میچ کو مکمل کرنے کے لیے اوورز کی تعداد کم کی جائے یا پھر اگر میچ اتوار کے روز ممکن نہ ہو تو میچ کو اگلے روز جاری کیا جائے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کا ٹاس مقررہ وقت سے 8 منٹ قبل ہو گا۔
ٹاس کے بعد میوزیکل پروگرام ہو گا جس میں مقامی گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ فائنل میچ کے اختتام پر آتشبازی کا بھی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
انگلینڈ اور پاکستان ایک ایک بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت چکے ہیں۔ پاکستان نے 2009 اور انگلینڈ نے 2010 میں ٹرافی اٹھائی تھی۔
دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں کی بات کریں تو انگلینڈ کا پلہ بھاری نظر آتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مجموعی طور پر 28 میچز کھیلے گئے جن میں سے 18 انگلینڈ نے جیتے جبکہ پاکستان 9 میں فاتح رہا اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان اور انگلینڈ 2 بار آمنے سامنے آئے ہیں اور دونوں بار انگلینڈ فاتح رہا۔
50 اوور ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان اور انگلینڈ صرف ایک بار 1992 میں آمنے سامنے آئے جس میں پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں فتح حاصل کی تھی۔