پاکستان
22 جون ، 2016

امجد صابری کے قتل پراہم شخصیات کا اظہار مذمت

امجد صابری کے قتل پراہم شخصیات کا اظہار مذمت

صدر ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف ،چیئرمین سینیٹ سمیت ملک بھر میں حکومتی عہدیداروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنےوالے افراد نے معروف قوال امجد صابری کے اندوہناک قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔


صدر مملکت ممنون حسین نے معروف قوال امجد صابری کے افسوس ناک قتل پر شدید رنج اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے مجرموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار پر پہنچانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے امجد صابری پر دہشت گرد حملےکی شدید مذمت اوران کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے، وزیراعظم نے امجد صابری پر حملے کے مجرموں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی۔


سابق صدرآصف زرداری نے مشہورقوال امجد صابری کے قتل پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امجد صابری کے قاتل سزا سے نہیں بچ سکتے۔


قائم مقام صدر میاں رضا ربانی نے بھی امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امجد صابری کا قتل قابل افسوس ہے، وہ قوم کا اثاثہ تھے۔


وزیرداخلہ چوہدری نثارنے امجد صابری کےقتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے امجدصابری کےاہل خانہ سےاظہارتعزیت کی۔


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےبھی امجد صابری کےقتل کی مذمت کی، رحمان ملک نے بھی امجدصابری کےقتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ قاتلوں کوجلدگرفتارکرکےکیفر کردارتک پہنچائے۔


امجد صابری کے بہیمانہ قتل پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری کا قتل بہت بڑا سانحہ ہے، بہت دکھ اورافسوس ہے۔


خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ امجد صابری کے قتل پر ہم سب بہت دکھی ہیں،امجد صابری ہمارے بھائیوں کی طرح تھے،پاکستان کا اثاثہ تھے۔


صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری کا قتل افسوس ناک ہے۔


منظور وسان نے کہا کہ امجد صابری قوم کااثاثہ تھے،اگست اورستمبرمیں انتہائی خراب حالات دیکھ رہا ہوں،یہ واقعات ابھی ابتدا ہیں۔


امجد صابری کے قتل پر ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد حسین کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں نہ روکے جانے کی کیا وجوہات ہیں، وزیر اعلیٰ کو دیکھنا چاہیے کہ ایسے واقعات روکنے میں کیا وجوہات ہیں۔


فاروق ستار نے بھی امجد صابری کے قتل کی قومی اسمبلی میں شدید مذمت کی، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ امجد صابری کو ڈر اور خوف تھا، انہوں نے یہ بات ہمیں بتائی تھی، امجد صابری نے کچھ لوگوں کے پروگرام میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔


سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹرطاہر القادری نے معروف قوال امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امجد صابری نے آواز کے ذریعے دلوں میں عشق مصطفیٰ ﷺاجاگر کیا۔


تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے بھی امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی گئی ہے۔ق لیگ کےرہنماچوہدری شجاعت اورپرویزالٰہی نے بھی امجد صابری کےقتل پراظہارافسوس کیا۔


معروف گلوکار راحت فتح علی نے امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن کی لہر کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،امجد صابری پاکستان کی دھرتی کے عظیم سپوت تھے ۔


معروف فلم اسٹار جاوید شیخ نے بھی امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری کے قتل پر میرا دل رو رہا ہے،یہاں نہ ڈاکٹر نہ آرکیٹکٹ کوئی محفوظ نہیں۔


ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آئیڈیالوجی کو ٹارگٹ کیا گیا،جو بھی تاجدار حرم سنتا تھا اسے امجد صابری یاد آرہے ہیں۔


معروف اسکالر علامہ طاہر اشرفی نے امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آرہا کہ کس سے شکوہ کریں کس سے شکایت کریں،اچھے لوگ ہی نشانہ بنتے ہیں برے نہیں۔


ن لیگ رہنما حنیف عباسی نے امجد صابری کے قتل پر مذمت کرتے ہوئے رد عمل میں کہا کہ امجد صابری کی آواز ہمارے درمیان موجود رہے گی۔


گلوکار شفقت امانت علی خان نے کہا کہ انہیں نہ سمجھ میں آرہا نہ ہی یقین آرہا ہے ،پتا نہیں اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں کہ ان کو کیوں ماراگیا۔


ادھر متحدہ قومی موومنٹ نے امجدصابری کی شہادت پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے 3روزتک سیاسی وتنظیمی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔


 

مزید خبریں :