دنیا
02 جولائی ، 2016

ڈھاکا، ریسٹورنٹ حملے میں ہلاکتیں 22 ہوگئی

ڈھاکا، ریسٹورنٹ حملے میں ہلاکتیں 22 ہوگئی

 


بنگلا دیشی دارالحکومت ڈھاکا کے ریسٹورنٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 22افراد ہلاک ہوئے، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا، افسوسناک واقعے پر بنگلا دیش میں دو روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔


بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں لوگ رات کو سونے کی تیاری کر رہے تھے کہ اس کا پوش علاقہ فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا۔


مسلح افراد نے سفارتی علاقے کے ریسٹورنٹ پر حملہ کیا تھا، کئی افراد پہلے چند منٹوں میں ہلاک اور زخمی ہو گئے اور متعدد کو یرغمال بنا لیا گیا، حملہ آوروں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہل کار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔


گھنٹوں تک ریسٹورنٹ کا محاصرہ جاری رہا، اس دوران دہشت گردوں نے بیس یرغمالیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا، ان میں سے ہر ایک کی قومیت تو معلوم نہیں ہو سکی لیکن ذرائع کے مطابق ان میں سے زیادہ تر اطالوی اور جاپانی ہیں۔


بنگلادیشی سیکیورٹی فورسز نے علاقہ گھیرے میں لے لیا اور تقریباً 11گھنٹے بعد ایلیٹ کمانڈوز کے دستے نے کیفے پر دھاوا بول کر 6دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، حکام نے ایک دہشت گرد کو زندہ پکڑنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔


حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے، بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے حملے کے بعد ٹیلی وژن پر خطاب کیا اور کہا کہ وہ ملک میں عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں :