پاکستان
24 اگست ، 2016

کراچی صرف کراچی نہیں،پاکستان ہے: نثار

کراچی صرف کراچی نہیں،پاکستان ہے: نثار

 

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہےکہ کراچی صرف کراچی نہیں، کراچی پاکستان ہے،اردو بولنے والے پاکستان کے محب وطن ترین لوگ ہیں، کراچی کے حوالے سے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا ہائی پروفائل ٹارگٹ ہے، کراچی کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے 25 سال کا بوجھ اب اتار پھینکا ہے، کسی کو کھجلی بھی ہوتی تھی تو کہتا تھا کہ کراچی کو بند کردو ۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک لیڈر نے اس ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کی جس نے اسے عزت دی، کارروائی کے لیے برطانوی وزیرداخلہ سے رابطہ کر رہے ہیں، تشدد کے ثبوت بھی بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے کچھ لوگ ٹی وی چینلوں پر حملہ آور ہوئے، شہر کے پھر یرغمال بننے کا تاثر بنا، مگر میڈیا نے خوف کی فضا پیدا ہونے نہیں دی، پاکستان میڈیا نے خود پر حملہ ہونے کے باوجود اصل بات کو پوری دنیا تک پہنچایا، میڈیا نے کراچی والوں پر خوف کی فضا پیدا نہیں ہونے دی۔

چوہدری نثارنے یہ بھی کہا کہ کچھ ظاہر اور کچھ پوشیدہ عناصر ایسے ہیں جوکراچی کو نارمل نہیں ہونے دیتے، وزیراعلیٰ سندھ نے اچھے ایڈمنسٹریٹر کے طورپر فوری ردعمل دیا، قائد ایم کیو ایم نے اس موقع کا استعمال ایسی تقریر کے لیے کیوں کیا، سمجھ نہیں آیا، قائد ایم کیو ایم کی اس سے پہلے خفیہ مواقع پر ایسی تقریروں کا ریکارڈ پہلے سے موجود ہے، پرسوں کی قائد ایم کیو ایم کی تقریر نے سارے پردے چاک کردیئے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ توڑ پھوڑ ہو، سیکورٹی ایجنسیاں کوشش کریں گی کہ دوبارہ ایسا نہ ہو، قائد ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کے لیے برطانوی وزیرداخلہ سے رابطہ کر رہے ہیں، اسکاٹ لینڈ یارڈ کارروائی کرے، ہم تشدد کے ثبوت بھجوارہے ہیں۔

مزید خبریں :