دنیا
25 جولائی ، 2017

سری لنکا میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی

سری لنکا میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی

سری لنکا میں تیزی سے پھیلتے ڈینگی وائرس سے اب تک 300 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں بچے بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن حکام نے تیزی سے پھیلتے ڈینگی وائرس کی وجہ ملک میں ہونے والی حالیہ بارشوں کو قرار دیا ہے جس کے باعث تالابوں میں گندگی اور کچرے کی بہتات ہوگئی اور مچھروں کی تیزی سے افزائش ہورہی ہے۔

سری لنکا کی وزارت صحت کے مطابق  ڈینگی وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور وائرس سے رواں سال کے اوائل میں 296 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہےکہ وائرس کو روکنے کے لیے آسٹریلیا کی جانب سے سری لنکا میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے ہفت روزہ پروگرام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔  

سری لنکا کی انٹرنیشنل فیڈریشن ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کی جانب سے ڈینگی وائرس کے بچاؤ کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں۔

ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کے حکام کا کہنا ہےکہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ امداد دی جارہی ہے تاکہ وہ علاج سے محروم نہ رہ سکیں جب کہ وہ ڈینگی کی وباء کے خاتمے کے لیے اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر جدوجہد کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ڈینگی کے باعث سب سے زیادہ مشکل صورتحال مغربی صوبوں میں ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی دنیا میں سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی بیماریوں میں سے ایک ہے اور یہ وائرس اب تک 100ممالک میں پھیل چکا ہے جب کہ ڈینگی وائرس سے ہر سال 390 ملین انفیکشن کی شکایات موصول ہوتی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ ابتدائی احتیاطی تدابیر اور علاج کرنے سے اس کے خطرناک خدشہ سے بچا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :