’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ شاہ رخ کی سب سے بڑی فلاپ

اس ہفتے پاکستانی سینما کی دوفلمیں ناکام ہوگئیں جس میں سے ایک سید نور صاحب کی ”چین آئے نہ“ اور دوسری شفقت چیمہ صاحب کی ”جیو سر اٹھا کہ“ شامل ہیں۔

دونوں فلموں کے ناکام ہونے میں بہت سے عناصر ہے لیکن دونوں فلموں کے مثبت پہلو بھی ہیں اور باکس آفس پر کل کیا ہوجائے کوئی نہیں جانتا لیکن لگتا ہے’’ چین آئے نہ‘‘ سے ہمیں شہروز جیسا اسٹار مل گیا ہے جس کی بطور ہیرو پہلی فلم تو اچھی نہیں چلی لیکن اس کے ٹیلنٹ سے کسی کو انکار نہیں۔

ٹی وی اور اشتہاروں کی دنیا میں تو شہروز کافی کامیابی سمیٹ چکے ہیں لیکن اب فلمی دنیا میں بھی ان کی ہٹ فلموں کا ان کے فین بے چینی سے منتظر ہیں۔

دوسری طرف ’’جیو سر اٹھا کہ‘‘ کے ولن اور ایکشن کی بھی سب نے تعریف کی اگر اس فلم میں ہیرو نئے نہیں ہوتے تو شاید فلم کا نتیجہ کچھ اور ہوتا۔

دونوں فلموں کی ناکامی سے پاکستانی فلموں کے فینز کو زیادہ اداس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ بڑی عید پر دو بڑی کمرشل فلمیں ریلیز ہورہی ہیں جن کی باکس آفس رپورٹس بہت اچھی ہیں، میوزک بھی ہٹ اور اسٹار بھی لاجواب ہیں۔

15ستمبر کو فلم ”ساون“ کی ریلیز بھی طے ہوچکی ہے اور یہ فلم پاکستان میں ریلیز ہونے سے قبل پہلے ہی تین عالمی ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہے ۔

ہالی وڈ میں اس ہفتے ایکشن کا راج رہا، نارتھ امریکن باکس آفس جس میں کینیڈا اور امریکا کا بزنس شمار کیا جاتا ہے ایکشن فلم”دی ہٹس مین باڈی گارڈ“ نے 250کروڑ پاکستانی روپے کمالیے اور ابھی اس فلم کا باقی دنیا سے بزنس آنا باقی ہے۔

پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی ڈراؤنی فلم”اینابیل کریئشن“ نے خوف اور دہشت پھیلا کر دنیا بھر سے 18 ارب روپے سمیٹ لیے ہیں اور اس کے ساتھ ریلیز ہونے والی اینیمٹڈفلم ”نٹ جوب 2“ امریکا سمیت دنیا بھر میں ناکام ہوگئی ہے جس نے 10 دن میں2 سو کروڑ پاکستانی روپوں کی کمائی کی ہے۔ 

سال کی سب سے کامیاب اینی میٹڈ فلم ”ڈسپیکبل می3“کا بزنس اب تک دنیا بھر سے 98 ارب روپے ہوچکا ہے اور ورلڈ وار 2 کا ایکشن ڈرامہ”ڈنکرک“سامنے آئے 5 ہفتے ہوچکے ہیں لیکن اس فلم کی کمائی دنیا بھر سے جاری ہے اب تک اس فلم کے اکاؤنٹ میں دنیا بھر سے 40 ارب ٹرانسفر ہوچکے ہیں۔

چین میں طوفان مچادینے والی ایکشن فلم”وولف واریئر2“ دنیا بھر سے اب تک 78رب روپے کا بزنس کرچکی ہے اور اس کمائی میں سے 72 ارب روپے صرف چین میں کمائے گئے ہیں جب کہ صرف چین کے بزنس کی وجہ سے وولف واریئر سال کی سب سے کامیاب پانچ فلموں میں جلد شامل ہوجائے گی ۔

بالی وڈ میں اکشے کمار کی ”ٹوائلٹ ایک پریم کتھا“ کا راج ہے جو اب تک 125کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کرچکی ہے  لیکن شاہ رخ خان کی ”جب ہیری میٹ سیجل“ بری طرح ناکام ہوئی اور یہ فلم 80کروڑ کا ٹارگٹ بھی پورا نہیں کرسکی۔

فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ گزشتہ 9 سال میں شاہ رخ کی فلم” بلو“ اور 12سال میں فلم ”پہیلی“ کے بعد سب سے بڑی فلاپ ہے  کیوں کہ کنگ خان کی پچھلی ناکام فلم ”فین “ کا بزنس ”جب ہیری میٹ سیجل“ سے زیادہ اور بجٹ کافی کم تھا۔

3 ہفتے پہلے ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ”مبارکاں“ نے اپنے دیس میں کروڑوں کی ففٹی مکمل کرلی اور اس ہفتے ریلیز ہونے والی چھوٹے بجٹ کی مزاحیہ فلم” بریلی کی برفی“  کا کاروبار 4 دن میں 13کروڑ رہا ہے۔

مزید خبریں :