پاکستان
Time 17 ستمبر ، 2017

باجوڑ ایجنسی میں دھماکا: پولیٹیکل تحصیلدار سمیت 5 افراد جاں بحق

— فوٹو فائل

باجوڑ ایجنسی کی تحصیل لوئی ماموند میں دھماکے کے نتیجے میں پولیٹیکل تحصیلدار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جیو نیوز کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے تنگی میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے 5 افراد شہید اور ایک لیویز اہلکار زخمی ہوگیا۔

دھماکے کے فوری بعد زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا اور دھماکے میں پولیٹیکل تحصیلدار ماموند فواد علی شہید ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن پاکستان میں معاشی اور اقتصادی ترقی نہیں چاہتا لہذا ہمیں ملکر دہشت گردی کے عفریت کو شکست دینی ہے اور واقعےمیں ملوث دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ 

مزید خبریں :