پاکستان
Time 11 اکتوبر ، 2017

کراچی میں خواتین پر حملے کرنےوالا ملزم پکڑا نہ جاسکا

کراچی میں خواتین کو خنجر کے وار سے زخمی کرنے والے ملزم کی گرفتاری پولیس کے لیے لوہے کا چنا بن گئی  اور 15 روز گزر جانے کے باوجود پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔

بڑھتی ہوئی عوامی تنقید اور وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام کے دباؤ کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اینٹی کار لفٹنگ سیل، بھتہ اور بینک ڈکیتیوں پر کام کرنے والے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ، اغوا کاروں کو دھرنے والے اینٹی وائلینٹ کرائم سیل اور دہشت گردوں پر کام کرنے والے کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام تھانوں کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا ہے۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں سادہ لباس خواتین اور مرد اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے اور پولیس نے ملزم سے مشابہ چند نئے خاکے بھی جاری کئے ہیں۔

دوسری جانب چھری مار کی گرفتاری میں ناکامی نے گلستان جوہر کی خواتین کو گھروں تک محدود کردیا جس کی وجہ سے بازاروں میں خواتین خریداروں کی تعداد خاصی کم ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشہ ماہ سے اب تک گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں خواتین کو چھری سے زخمی کرنے کے 13 واقعات ہوچکے ہیں لیکن اب تک پولیس ملزم کا سراغ لگانے سے قاصر ہے۔

مزید خبریں :