پاکستان
Time 19 اکتوبر ، 2017

امریکی نائب صدر کا وزیراعظم کو فون، مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر شکریہ ادا کیا

اسلام آباد: امریکی نائب صدر مائیک پینس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی فورسز کی جانب سے امریکی شہریوں کی بحفاظت بازیابی پر شکریہ ادا کیا۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو امریکی خاتون شہری کیٹیلن کولمین، ان کے شوہر جوشوا بوئل اور بچوں کی بحفاظت بازیابی پر شکریہ ادا کیا۔

مائیک پینس نے پاکستانی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پروفیشنل مہارت کو بھی سراہا۔

امریکی نائب صدر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مستقبل میں بھی خطے میں امن و خوشحالی کے لئے ان تعلقات کو مزید تقویب بخشے گا۔

وزیراعظم پاکستان نے اپنی سرزمین سے شدت پسندوں کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکی نائب صدر کو یقین دہائی کرائی کہ پاکستانی فورسز امریکا کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بوقت ضرورت ضرور کارروائی کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے معاملے پر تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی روابط کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے امریکی نائب صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول بھی کر لیا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ امریکی نائب صدر کب پاکستان کا دورہ کریں گے۔

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی پاکستانی وزیراعظم کو ٹیلی فون کر کے امریکی شہریوں کی بحفاظت بازیابی پر اپنی حکومت کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ پاکستانی فورسز نے 12 اکتوبر کو آپریشن کر کے 2012 میں افغانستان سے اغوا کئے گئے 5 امریکی شہریوں کو بازیاب کرایا تھا۔

امریکی خفیہ ادارے مغویوں کی نقل و حرکت کا باقاعدگی سے جائرہ لے رہے تھے اور جب مغویوں کو پاک افغان سرحد پر کرم ایجنسی میں منتقل کیا گیا تو امریکی حکام کی جانب سے پاکستانی فورسز کو 11 اکتوبر کو ان کی موجودگی سے آگاہ کیا گیا۔

امریکی معلومات پر پاکستانی فورسز نے آپریشن کر کے کینیڈین نژاد امریکی خاندان کو بحفاظت بازیاب کرایا۔

مزید خبریں :