دنیا
Time 10 نومبر ، 2017

امریکی عدالت میں جذباتی مناظر: مسلمان باپ نے بیٹے کے قاتل کو معاف کردیا

امریکا کی ایک عدالت میں اس وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے جب مسلمان باپ نے نوجوان بیٹے کے قتل کے سزا یافتہ مجرم کو معاف کردیا جس پر خاتون جج بھی اپنے آنسو پر قابو نہ رکھ سکیں۔

امریکا کی لیگزنگٹن کاؤنٹی کی ایک عدالت میں تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے شہری ڈاکٹر عبدالمنیم کے نوجوان بیٹے صلاح الدین کے قتل کا مقدمہ زیر سماعت تھا۔

عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے صلاح الدین کے قتل کے مجرم 31 سالہ سیام فام نوجوان ٹرے ریلفورڈ کو 31 سال قید کی سزا کا حکم دیا۔

مقتول صلاح الدین کی فائل فوٹو

عدالت میں اس وقت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے جب ڈاکٹر عبدالمنیم جج کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد آگے بڑھے اور مختصر بات کرتے ہوئے مجرم کو مخاطب کیا اور کہا کہ میں تمھیں اپنے بیٹے کے قتل کا الزام نہیں دیتا بلکہ شیطان نے تمھیں یہ جرم کرنے پر مجبور کیا۔

ڈاکٹر عبدالمنیم نے کہا کہ ان کا 24 سالہ بیٹا بہت بہادر، شرمیلا اور ملنسار تھا لیکن اسلام میں معافی سب سے بڑا صدقہ ہے اس لئے میں بیٹے کے قاتل کو معاف کرتا ہوں۔

ڈاکٹر عبدالمنیم اپنی بات کہنے کے بعد آگے بڑھے اور مجرم کو گلے سے لگا لیا، یہ مناظر دیکھ کر کمرہ عدالت میں موجود افراد کی آنکھوں میں آنسو آگئے، یہاں تک کہ خاتون جج بھی اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکیں اور سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔

تھوڑی دیر بعد خاتون جج کمرہ عدالت میں واپس آئیں تو ٹرے ریلفورڈ کی والدہ کٹہرے میں آئیں اور کہا کہ ان کا بیٹا بہت اچھا بچہ تھا لیکن کم عمری میں نشے کی لت نے اسے خراب کیا۔

ڈاکٹر عبدالمنیم(دائیں) قاتل ٹرے ریلفورڈ (بائیں)

انہوں نے صلاح الدین کے قتل کی پوری ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ انہیں نوجوان  کے قتل پر بے حد افسوس ہے اور ڈاکٹر عبدالمنیم کی جانب سے معاف کرنے نے انہیں حیران کردیا ہے۔

والدہ کے بعد ٹرے ریلفورڈ نے روسٹرم پر کھڑے ہو کر کہا کہ وہ اپنے کئے پر شرمندہ ہیں اور معاف کرنے پر ڈاکٹر عبدالمنیم کے شکر گزار ہیں۔

خیال رہے کہ مقتول صلاح الدین پیزا ڈلیوری کے لئے ٹرے ریلفورڈ کے فلیٹ پر گیا تھا جہاں اس نے صلاح الدین کے پاس موجود رقم لوٹتے ہوئے چھریوں کے وار کر کے اسے قتل کردیا تھا۔



مزید خبریں :