دنیا
Time 17 نومبر ، 2017

نئی دہلی میں فضائی آلودگی، غیر ملکی سفیر دارالحکومت چھوڑ کر جانے لگے

نئی دہلی میں خطرناک حد تک بڑھ جانے والی فضائی آلودگی نے بھارت کو سفارتی تنہائی کی جانب دھکیلنا شروع کردیا، غیر ملکی سفارت کار آلودہ فضا کے باعث بھارتی دارالحکومت چھوڑ کر جانے لگے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں خطرناک حد تک بڑھ جانے والی فضائی آلودگی کے باعث جہاں زندگی مفلوج ہو چکی ہے وہیں غیر ملکی سفارتکار بھی پریشان ہیں۔

کوسٹاریکا کے سفیر دہلی چھوڑ چکے ہیں جبکہ کئی ملکوں نے اپنے اضافی عملے کو سنگاپور اور دیگر ہمسایہ ملکوں میں بھیج دیا ہے۔

دیگر ممالک کے سفیر بھی اس بات پر غور کررہے ہیں کہ وہ بھارتی دارالحکومت سے چلے جائیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں خطرناک حد تک بڑھ جانے والی آلودگی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں لانے کی حکومتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

بھارتی دارالحکومت میں آلودگی کی سطح رواں ماہ کے دوران خطرے کی حد سے 70 گنا اوپر جاچکی ہے۔