26 اپریل ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانے کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ گھر وہ نہیں جہاں ہم رہتے ہیں، سارا ملک ہمارا گھر ہے، یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بچے والدین کے ساتھ صفائی مہم شروع کریں، یہ کس قدر زیادتی ہے مزدور اس دن بھی مزدوری کرتا ہے اور ہم چھٹی مناتے ہیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ اسکول کے بچوں کے ساتھ صفائی آگاہی مہم شروع کی جائے۔
عدالت نےریمارکس دیے کہ اگر ایک ضلع کا ڈپٹی کمشنر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ سکتا ہے۔
عدالت نے پانی کے بچاؤ کیلئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کارروائیوں اور جوڈیشل کمیشن کو پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ جرمانہ کرنے کی ہدایت کی۔
ایل ڈی اے کی جانب سے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں لوگوں نے اپنے گھروں کو بینک اور کیفیز کو کرائے پر دے رکھا ہے، کارروائی کریں تومالکان عدالت سے حکم امتناع لے آتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ محکمہ متعلقہ عدالت میں جاکر حکم امتناع ختم کروائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔