مادھوری نے دپیکا کو پسندیدہ اداکارہ قرار دے دیا

مادھوری ڈکشت نے دپیکا پڈوکون کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دے دیا—۔فائل فوٹو

بالی وڈ کی نامور اداکارہ اور بہترین رقاصہ مادھوری ڈکشت نے دپیکا پڈوکون کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دے دیا۔

حال ہی میں ہونے والے لکس گولڈن روز ایوارڈز میں بالی وڈ کی کئی حسیناؤں نے شرکت کی، جن میں کرینہ کپور خان، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ، جوہی چاولا، دپیکا پڈوکون اور مادھوری ڈکشت شامل تھیں۔

دپیکا نے اس ایونٹ میں فلم 'پدماوتی' کے تنازع کی وجہ سے ریڈ کارپٹ میں شرکت نہیں کی لیکن ایوارڈز کی تقریب میں وہ ضرور شامل ہوئیں۔

دوسری جانب مادھوری ڈکشت نے ریڈ کارپٹ پر ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں اس دور کی 3 اداکارائیں پسند ہیں جن میں عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون شامل ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ دپیکا پسند ہیں۔

دپیکا کو بالی وڈ کی ’آورا‘ یعنی چمک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دپیکا پڈوکون انتہائی بہترین طریقے اور خوبصورتی کے ساتھ تاریخی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کی ادا کافی منفرد ہے جس میں ایک الگ ہی کشش اور چمک ہے، جس سے وہ سب کو متاثر کردیتی ہیں۔

مادھوری کا مزید کہنا تھا کہ پریانکا بھی بہترین اداکارہ ہیں اور ان کا انداز بھی کافی زبردست ہیں۔

اس سے قبل بھی بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی بھی دپیکا کو دور حاضر کی اداکاراؤں میں سے 'ڈریم گرل' قرار دے چکی ہیں۔

مزید خبریں :