پاکستان
Time 17 دسمبر ، 2017

تحریک انصاف کا موسیٰ گیلانی پر محافظوں کے ذریعے عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کا الزام

پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی پر محافظوں کے ذریعے پارٹی چیئرمین عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کروانے کا الزام عائد کیا ہے۔

پی ٹی آئی نے ایک اعلامیے میں الزام لگایا ہے کہ فائرنگ کی زد میں عمران خان کے قافلے کے پیچھے موجود گاڑی آئی جس میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید سوار تھے تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کے باعث وہ محفوظ رہے۔

تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ علی موسیٰ گیلانی کے خلاف مقدمے درج کرایا جائے گا۔

علی موسیٰ گیلانی نے تحریک انصاف کا دعویٰ مسترد کردیا

دوسری جانب علی موسی گیلانی کا موقف ہےکہ پتوکی کے قریب پانچ تیز رفتار گاڑیوں نے ان کی گاڑی کو اوور ٹیک کیا اوران میں سے آخری گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکرماری جس سےگاڑی کو نقصان بھی پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی کو ٹکر مارنے والوں نے میرے گارڈز کےساتھ تلخ کلامی کی جبکہ انہوں نے تحریک انصاف کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے کوئی فائرنگ نہیں کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع 15 کو دی تو پتا چلا کہ عمران خان کا قافلہ جارہا تھا۔

پولیس کے مطابق علی موسیٰ گیلانی اور دیگر کیخلاف پی ٹی آئی نے تھانے میں درخواست جمع کرادی۔

درخواست پی ٹی آئی کے مقامی رہنما ندیم ہارون نے تھانا صدر پھولنگر میں جمع کرائی۔

مزید خبریں :